ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں جیت ملنے کے بعد خوشی سے جذباتی ہوئےڈی کے شیوکمار، نم آنکھوں کے ساتھ یاد کیے جدوجہد والے دن

کرناٹک میں جیت ملنے کے بعد خوشی سے جذباتی ہوئےڈی کے شیوکمار، نم آنکھوں کے ساتھ یاد کیے جدوجہد والے دن

Sat, 13 May 2023 23:53:00    S.O. News Service

بنگلورو، 13/مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے کرناٹک ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے رام نگر ضلع کے کنک پورہ انتخابی حلقہ سے 57 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی ہے۔ شیوکمار ووٹ شماری میں شروع سے ہی سبقت بنائے ہوئے تھے۔ بی جے پی کے آر. اشوک بڑے فرق سے ہار گئے اور جنتا دل ایس کے بی. ناگراجو دوسرے مقام پر رہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق شیوکمار کو 63475 ووٹ، ناگراجو کو 11306 ووٹ اور اشوک کو 10086 ووٹ ملے۔

جیت کے بعد ڈی کے شیوکمار بہت جذباتی نظر آئے۔ شیوکمار نے کرناٹک میں کانگریس کو ملی جیت کو بدعنوانی کے خلاف جنگ میں جیت قرار دیا ہے اور اس دن کو یاد کیا جب سونیا گاندھی ان سے جیل میں ملاقات کے لیے گئی تھیں۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ’’میں اپنے کارکنان اور اپنی پارٹی کے لیڈران کو اس جیت کا سہرا دیتا ہوں جنھوں نے اتنی محنت کی ہے۔ لوگوں نے جھوٹ کا پردہ فاش کیا ہے... میں نے راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی کو جیت کی یقین دہانی کرائی تھی۔‘‘

ڈی کے شیوکمار نے اس دوران وہ لمحہ بھی یاد کیا جب انھیں جیل میں بھیجا گیا تھا۔ ان کی آنکھوں میں اس لمحہ کو یاد کرتے ہوئے آنسو آ گئے اور گلا رُندھ گیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں بھول نہیں سکتا جب سونیا گاندھی مجھ سے جیل میں ملنے آئی تھیں۔ تب میں نے عہدہ پر رہنے کی جگہ جیل میں رہنا منتخب کیا۔ پارٹی کو مجھ پر اتنا بھروسہ تھا۔‘


Share: